میزان بینک نے سال 2023کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

کراچی(صباح نیوز) میزان بینک نے 31دسمبر 2023کو ختم ہونے والے سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے  84.5ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل کیاہے۔ اس بات کا اعلان میزان بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ریاض ایس اے ا ے ادریس نے کی جبکہ اس موقع پر بورڈ کے وائس چیئرمین فیصل اے اے اے النصر بھی موجود تھے۔بورڈ نے حصص یافتگان کیلئے 8روپے (80فیصد)فی شیئر کیش ڈیوڈنڈ دینے کی بھی منظوری دی۔بینک پچھلے 9 ماہ میں حصص یافتگان کو 12روپے کیش ڈیوڈنڈ ادا کرچکا ہے۔ اس طرح 2023میں بینک نے حصص یافتگان کو مجموعی طور پر 20روپے (200فیصد) کیش ڈیوڈنڈ دیا ہے۔

بینک کا کیپٹل ایڈوکیسی ریشو 22.39فیصد کی اطمینان بخش سطح پر رہا جوکہ اسٹیٹ بینک کے کم سے کم 11.50فیصد کی شرط سے نمایاں طورپرزیادہ ہے۔ 31دسمبر2023کو میزان بینک کے ڈپازٹس پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34فیصد اضافے کے ساتھ2.2کھرب روپے ہو گئے ہیں۔ میزان بینک کے مجموعی اثاثہ جات 3کھرب روپے سے زائد ہوگئے ہیں اور بینک کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو میں 23فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بینک کاایڈوانس ٹو ڈیپازٹس ریشو (ADR) 45فیصد رہا۔  2023کے دوران روشن ڈیجیٹل اکانٹس (RDA)کے تحت ترسیلاتِ زر 1.8ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں جوکہ 26فیصد کے ساتھ نمایاں مارکیٹ شیئر کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ سمند پار پاکستانیوں کیلئے میزان بینک کو ترجیحی بینکنگ پارٹنر کے طورپر ظاکرکرتاہے۔ 1000سے زائد اے ٹی ایمز نیٹ ورک کے ساتھ ملک کے 334شہروں میں میزان بینک کی1004برانچیں ہیں۔پاکستان کے ہر شہری تک اسلامی بینکاری کی رسائی ممکن بنانے کیلئے بینک اپنے برانچ نیٹ ورک میں مسلسل اضافہ کررہا ہے۔ میزان بینک نے275ملین سے زائد ٹرانزیکشنز کے ساتھ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز میں اپنی لیڈرشپ جاری رکھے ہوئے ہے۔ میزان بینک کی موبائل ایپ نے گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور دونوں پربینکنگ انڈسٹری کی سب سے زیادہ ریٹڈ ایپ کے طورپر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔