پنجاب کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،5دہشت گرد گرفتار


 میانوالی ، حافظ آباد ،جہلم (صباح نیوز)محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)پنجاب نے صوبہ کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے کارروائی میانوالی، حافظ آباد، اوکاڑہ اور جہلم میں کی گئی، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، 2 آئی ای ڈی بم، 10 ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور نقدی برآمد کرلی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت شرافت، یاسین، طلحہ، عبدالرحمن اور اسید کے نام سے ہوئی، دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے 546 کومبنگ آپریشنز کے دوران 56 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔