وزیر اعظم عمران خان کا متبادل کون ہے؟ وفاقی وزیر اسد عمر نے بتادیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ونیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے، عمران خان کا متبادل ہوں نہ ہو سکتا ہوں۔

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہحکومت کے جانے کی خبریں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں، پارلیمانی نظام میں کسی بھی حکومت کی گارنٹی نہیں ہوتی، پی ڈی ایم کی پہلی تحریک پیالی میں طوفان ثابت ہوئی تھی، کوشش کی جا رہی ہے طوفان کو واپس پیالی میں لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ  (ن) لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور تحریک انصاف میں عمران خان کا ہے، نواز شریف نااہل اور بیرون ملک ہیں لیکن انہیں پتہ ہے پارٹی نواز شریف کی ہے، اس بات کا علم شہباز شریف کو ہے جو پاکستان میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ ہوتے تو سیاست میں نہ آتا، پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی لیڈرشپ پر سوال نہیں اٹھا سکتا، ایسا کوئی کیس نہیں دیکھا کہ عمران خان کی لیڈر شپ کو چیلنج کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے، ن لیگ، اے این پی، پیپلزپارٹی سے زیادہ پی ٹی آئی نے تحصیلیں جیتیں، تینوں جماعتیں پہلے بھی خیبرپختونخوا میں حکومت بناچکی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں وہ نتائج نہیں ملے جس کی ووٹرز اور ورکرز کو امید تھی، پشاور میئر کا الیکشن جیتنے والے امیدوار کو 61 ہزار ووٹ پڑے، پشاور سے رکن قومی اسمبلی شوکت علی نے 97 ہزار ووٹ لئے، مہنگائی کی وجہ سے دوسری پارٹی کا ووٹ بینک بھی زیادہ نہیں ہوا، مہنگائی کی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی وراثتی پارٹیاں ہیں، مہنگائی پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر بھی ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ سخت ہوگا۔