توہین عدالت کیس میں رانا شمیم نے اٹارنی جنرل پر اعتراض اٹھادیا


اسلام آباد(عابد علی آرائیں)سابق چیف جج گلگت بلتستان چیف ایپلٹ کورٹ رانامحمد شمیم نے توہین عدالت کیس میں اٹارنی جنرل کی بطور پراسیکیوٹر تقرری کے خلاف درخواست دائر کردی۔ چار صفحات پر مشتمل درخواست عبدالطیف آفریدی اوربیرسٹرسرورشاہ کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے ۔ راناشمیم نے موقف اپنایا ہے کہ اس فاضل عدالت نے 12دسمبر2021کو اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو ازخود نوٹس کے ذریعے شروع کی گئی توہین عدالت کی کارروائی میں پراسیکیوٹر مقرر کیا تھا اورتوہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کیلئے عدالت نے سات جنوری 2022کی تاریخ مقرر کی تھی۔
درخواست کے پیراگراف نمبر دو میں کہا گیا ہے کہ فاضل اٹارنی جنرل پہلے دن سے ہی میرے ساتھ دشمنی والا رویہ رکھے ہوئے ہیں حالانکہ پہلے نہ تو ان کو پراسیکیوٹرمقرر کیا گیا تھا اور نہ ہی وہ درخواست گزار تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے مجھ پر انگلیاں اٹھانا شروع کردی تھیں،اٹارنی جنرل کا رویہ غیرجانبدار عدالتی افسر کا نہیں تھا۔
درخواست کے پیراگراف نمبرتین میں راناشمیم نے لکھا ہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کررہے ہیں۔ اٹارنی جنرل ہر صورت اس معاملے سے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ فاضل اٹارنی جنرل ایک طرف درخواست گزار رانا شمیم کو سزا دلوانے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں اور دوسری جانب اٹارنی جنرل پی ٹی آئی کی حکومت کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ اٹارنی جنرل کا کنڈکٹ مضبوط تاثر دیتا ہے کہ وہ حکمران سیاسی جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پیراگراف نمبر چار میں کہا گیا ہے کہ راناشمیم کو اٹارنی جنرل سے نہ صرف ذاتی دشمنی کا خوف ہے بلکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کا ٹرائل مناسب انداز میں نہیں ہوگا۔

درخواست کے پیراگراف نمبر پانچ میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے پاس ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد
موجود ہیں جو وفاقی دارالحکومت کے چیف لا افیسر بھی ہیں وہ پراسیکوٹر بننے کیلئے مناسب چوائس ہونگے۔ اس لئے ان حالات میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو پراسیکیوٹر مقرر کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے ہ فاضل اٹارنی جنرل کی بجائے ایڈووکیٹ جنرل کو توہین عدالت کے اس مقدمہ میں پراسیکیوٹرمقرر کیا جائے، درخواست کے ساتھ ایک صفحے کا بیان حلفی بھی رانا شمیم کی طرف سے لگایا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنا ایڈریس رانامحمد شمیم ولد رانا عطا محمد مرحوم سکنہ ایلیجنٹ ریزیڈینسی بلاک 2کلفٹن کراچی لکھا ہے جبکہ موجودہ رہائش اسلام آباد کی لکھی ہے تاہم اپنی اسلام آباد کی رہائش گاہ کا پتہ بیان حلفی میں نہیں لکھا۔