پشاور(صباح نیوز)بین الاقوامی کسٹمز ڈے 2024 کی تقریبات جمعہ کے روز کسٹمز ہاوس پشاور میں منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں دوست ممالک کے قونصل جنرلز کے علاوہ سینئر فوجی و سول افسران، چیمبرز، کلیئرنگ ایجنٹس اور دیگر تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں چیئرمین ایف بی آر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں چیئرمین ایف بی آر نے پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد قومی پرچم اور کسٹمز کا جھنڈا لہرایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں انسداد سمگلنگ کی سرگرمیوں اور ریونیو اکٹھا کرنے کے حوالے سے خیبر پختونخوا کسٹمز کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں بھی ان کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے دنیا میں بدلتی ہوئی تجارت اور نفاذ کے نئے تقاضوں سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان کسٹمز کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی تجارت نے تجارتی پارٹنرز اور سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔ ٹرانزٹ ٹریڈ، TIR اور کارنیٹ سرحدوں سے ماورا روابط کی چند مثالیں ہیں۔ یہ چیلنجز اور مواقع مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کے ایک مضبوط سلسلے کا تقاضہ کرتے ہیں۔کسٹمز کا بین الاقوامی دن ہر سال کسٹمز کوآپریشن کونسل (CCC)کے افتتاحی اجلاس کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 26 جنوری 1953کو منعقد ہوا تھا۔یہ کونسل 4 نومبر 1952 کو قائم ہوئی تھی جس کے سترہ بانی اراکین تھے۔ 1994 میں سی سی سی نے اپنا ورکنگ نام ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن (WCO) اپنایا تاکہ اس کی رکنیت میں اضافہ کو زیادہ درست طریقہ سے ظاہر کیا جا سکے۔
ہر سال ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن اس موقعہ کو یادگار بنانے کے لئے ایک منفرد تھیم لے کر آتی ہے۔ رواں سال کے لئے تھیم “Customs Engaging Traditional and New Partners with Purpose”منتخب کیا گیا۔ قبل ازیں چیف کلکٹر کسٹمزسعید اکرم نے اپنی تقریر میں خیبر پختونخوا کسٹمز کی کامیابیوں اور سٹاف کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کے پی کسٹمز کے تیس افسران اور جوانوں نے ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔تقریب کے اختتام پر سال بھر کے دوران غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والے عملہ میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔