ملک میں بڑھتی مہنگائی کو جلد کنٹرول کرنا ناگزیر ہے،پرویز الٰہی


لاہور(صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی کو جلد کنٹرول کرنا ناگزیر ہے، روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں استحکام لانا ہوگا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مخدوم بابر علی کی سربراہی میں پی ٹی آئی ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور ن لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے ملاقات کی۔ شوکت علی قریشی اور ڈاکٹر متین احمد نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کا سفر تیز کرنا ہوگا، مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

چودھری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دی، ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر زرعی ٹیکس کی معافی، ٹیوب ویل کا آدھا بل ادا کرنا ہمارے کامیاب منصوبے ہیں۔

ق لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے شوکت قریشی کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلی آپ کی جنوبی پنجاب کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر متین نے کہا کہ عوام آج بھی ان منصوبوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔