اسلام آباد(صباح نیوز)جولائی تا دسمبر ٹیکسٹائل کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ۔پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات مالی سال 22-2021 کی پہلی ششماہی میں ایک ارب 93 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا دسمبر 2021-22 ٹیکسٹائل کی برآمدات کا حجم 9 ارب 38 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 7 ارب 44 کروڑ ڈالر تھا۔ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹیکسٹائل کی مانگ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے کیونکہ پاکستان کا شمار ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے لہذا ٹیکسٹائل کی برآمدات پچھلے چھ ماہ سے مسلسل بڑھ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی میں سوتی دھاگہ، کپڑے، ریڈی میڈ گارمنٹس سمیت دیگر مصنوعات کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوا۔ اسی طرح چاول، مچھلی، پھل، سبزیوں، تمباکو، قالین، کھیلوں کے سامان، چمڑے کی مصنوعات، کیمیکلز اور آٹو پارٹس کی برآمد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔