لاہور (صباح نیوز)پنجاب حکومت نے صوبے میں 15مئی کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے انتظامامت کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی پلان تشکیل دے دیا گیا۔
صوبائی وزیر برائے بلدیات میاں محمودالرشید نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے ملاقات کرکے بلدیاتی انتخابات کرانے کی حتمی تاریخ کی منظوری لی۔
میاں محمودالرشید نے اعلان کیا ہے کہ 15مئی کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں عوام نچلی سطح پر اپنے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے بل کو جلد پنجاب اسمبلی سے منظورکرالیا جائے گا۔ پنجاب حکومت دو سے تین مرحلوں میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے تمام شراکت داروں سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔
انتظامی سطح پر قانون سازی کی سطح پر بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا، اداروں کے پاس اختیارات نہیں تھے ،ارکان اسمبلی اور وزرا وہ کام کررہے ہیں جو بلدیاتی اداروں کا کام ہے ، وہ کبھی فنڈز کے پیچھے اور کبھی ٹھیکیدار کے پیچھے ہوتے ہیں۔ہمارا اصل کام عوامی مسائل کا حل اور قانون سازی ہے ۔