اسکولوں کی بندش سے متعلق زیر گردش خبر جھوٹی ہے، این سی او سی کی وضاحت


اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے ملک بھر میں تمام پرائمری اسکولوں کی بندش سے متعلق زیر گردش خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے وضاحت کردی۔

این سی او سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘جعلی ٹوئٹر اکاونٹ پر پرائمری اسکولوں کی بندش کی جھوٹی خبر گردش کر رہی ہے’۔بیان میں کہا گیا کہ ‘وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے اس اکاونٹ کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے’۔سوشل میڈیا پر زیر گردش این سی او سی کے جعلی ٹوئٹر اکاونٹ میں اعلان کیا گیا تھا کہ ‘پاکستان میں تمام پرائمری اسکول تاحکم ثانی بند رہیں گے’۔

ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ‘این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے اور مزید فیصلوں سے جلد ہی آگاہ کردیا جائے گا’۔خیال رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کو موخر کردیا تھا۔این سی او سی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا۔