لکی مروت ،چوکی ریسکیو 15 گنڈی چوک پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام


 لکی مروت (صباح نیوز) لکی مروت میں پولیس نے چوکی ریسکیو 15 گنڈی چوک پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد   فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق چوکی 15 گنڈی چوک کے پولیس اہلکاروں نے 6 دہشتگردوں کی موجودگی کو بھانپتے ہی انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی تھی، پولیس نے دہشت گردوں کو مورچہ زن ہونے کا موقع نہیں دیا جس سے وہ بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے پولیس جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لکی مروت پولیس ایک پیشہ آور، دلیر فورس ہے جس نے ہمیشہ کٹھن حالات میں فرنٹ لائن پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم حالات کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔