پریانتھا کمارا کی بیوہ کی مالی امداد کرنے پر وزیراعظم عمران خان سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے شکرگزار


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پریانتھاکمارا کی بیوہ کے اکانٹ میں 1 لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں  انہوں نے کہاکہ پریانتھاکمارا کی بیوہ کے اکانٹ میں 1 لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہاکہ پریانتھاکمارا کی بیوہ کو ماہانہ تنخواہ کی مد میں 2 ہزار ڈالرز بھجوانے اور 10 برس تک یہ سلسلہ جاری رکھنے کے فیصلے پر راجکو انڈسٹریز بھی تحسین کی مستحق ہے۔

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی بیوہ کو شوہرکے مرنےکے بعد ان کی پہلی تنخواہ اور ایک لاکھ ڈالر ادا کردئیے گئے ہیں۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا اور پریانتھا کی کمپنی نے وعدہ کیا تھا، اس کے تحت ایک لاکھ ڈالر کافنڈ (ایک کروڑ 75 لاکھ روپے) اور پہلی تنخواہ 1667 ڈالر (2 لاکھ 93 ہزارروپے) پریانتھا کی بیوہ کے اکانٹ میں منتقل کردیےگئے ہیں۔