نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے منگل کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی سیکٹر کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چاہتے ہیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین آئی ٹی کے میدان میں تعلقات مزید مستحکم ہوں،

حکومت آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، متحدہ عرب امارات پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے پرکشش مارکیٹ ہے، یو اے ای کے ساتھ ڈیجیٹل گورنمنٹ ایکسپیرنس ایکسچینج پروگرام کے لیے معاہدہ کریں گے۔دریں اثنا پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی ڈاکٹر عمر سیف سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری اور سٹارٹ اپس کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری میں بڑا پوٹینشل ہے، پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے برطانیہ میں کاروبار کے حوالے سے آسانی و وسعت کے خواہاں ہیں، برطانوی وینچر کیپیٹلسٹ پاکستانی سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کریں۔۔