شدید دھند سے بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر، گدو کے قریب ٹرانسمشن لائنز ٹرپ کرگئیں


لاہور(صباح نیوز)شدید دھند سے بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوگیاہے، گدو کے قریب نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپچچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کی ٹرانسمشن لائنز ٹرپ کرگئیں۔

ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث 550اور 220کے وی کی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے، ٹرپنگ سے 500کے وی کے سرکٹ بریکر کو بھی نقصان پہنچا۔

ترجمان نے بتایا کہ گدو سوئچ یارڈ کے سرکٹ بریکر کو پہنچنے والے نقصانات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واپڈا ذرائع کے مطابق دھماکے سے پھٹنے والے بریکر کی مرمت یا تبدیل کرنے میں 15روز لگ سکتے ہیں، 500کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن کے سوئچ یارڈ کا بریکر تبدیل کرنے کے لیے موجود نہیں، دھماکے سے پھٹنے والے سوئچ یارڈ کے بریکر کی مالیت 2کروڑروپے ہے۔

ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ اور شکار پور ون جانے والی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں بجلی کی سپلائی معطل ہے، بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہوگا۔