لاہور شہر اور گردونواح میں دھند کا راج برقرار


لاہور (صباح نیوز)لاہور شہر اور گردونواح میں دھند کا راج برقرار ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے دھند کے موسم میں عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کر نے کا مشورہ  دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے جس کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 2 بلکسر سے کلرکہار تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کلرکہار تک بند کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ موٹروے ایم 3 فیض پور لاہور سے درکھانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 11 کو بھی محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو بھی کوٹ مومن سے اللہ انٹر چینج تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔یشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور  گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ موٹروے ایم الیون حد نگاہ میں بہتری کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔اسموگ،  فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔