پی ٹی آئی نے مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا، راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا ۔ مہنگائی ، بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام پی ٹی آئی سے مکمل مایوس چکے ہیں ۔ن لیگ اور پی پی بھی ملک کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں ۔تینوں حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کے ساتھ دھوکہ دیا ۔

عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں ۔اللہ کی مددونصرت سے پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ۔وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔راشد نسیم نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ 73برسوں سے ظالم اشرافیہ نے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ، قرضوں کا پہاڑ عوام کے سروں پر لادا اور بچے بچے کو مقروض کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوجاتا تو مشرقی پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا ۔آج بلوچستان میں بھی عوام محرومیوں کا رونارو  رہے ہیں اور دوسرے علاقوں میں بھی بے پنا ہ مسائل کا شکار ہیں ۔ان تمام مسائل کا حل ملک میں اسلامی نظام کا نفاذہے ۔

جماعت اسلامی پاکستان میں نظام مصطفی ۖ کے نفاذ کے لیے جدوجہدکررہے ہیں ۔ قوم سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دیں ۔