سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار


کراچی (صباح نیوز)کورونا ٹاسک فورس نے سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔

وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اسے جرمانہ کیا جائے گا، شادی ہال، مارکیٹس، عوامی مقامات پر لازمی ماسک پہننا ہوگا، مارکیٹس میں ویکسی نیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسپتال، سرکاری ونجی اسپتالوں کا سروے کیا جائے گا اوراسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا۔

سندھ ٹاسک فورس نے زور دیا کہ اسپتالوں میں گنجائش اور ضروریات کے حوالے سے سخت نگرانی کی جائے گی۔صوبے میں ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام تعاون کریں تو کورونا کی موجودہ لہر بھی کنٹرول ہو جائے گی۔