اسلام آباد(صباح نیوز) الہدی انٹرنیشنل سکول ایچ الیون کیمپس اسلام آباد میں دو روزہ سالانہ تقریبات کا انعقاد ہوا اس کا بنیادی موضوع (تزکیہ) تھا انسان جب تک اپنے قلب و نظر کی صفائی کا خیال نہ رکھے وہ کامیاب انسان اور سچا مومن نہیں بن سکتا۔ اسی سلسلے میں الہدی کے ہونہار طلباء و طالبات نے حاضرین میں یہ شعور بیدار کرنے کی کوشش کی کہ اللہ نے جو زندگی ہمیں دی ہے اسے دوسروں کی بھلائی کے لیے کام میں لائیں ہم اپنے دین کے ساتھ مضبوطی سے جڑ کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ سکول کے ہر درجے کے طلبا نے خوبصورت انداز میں مختلف ٹیبلو،نشید اور پراثر خاکے پیش کیے۔والدین اور دیگر شرکاء کے سامنے متاثر کن کارکردگی دکھائی۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر حفیظ الرحمن( صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان) نے طلباء کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔حفیظ الرحمن ننھے طلباء کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے اور انہیں مستقبل کا معمار قرار دیا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر عمر اعظم(ڈائریکٹر لینڈ مظفر آباد) طلباء کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے اور سکول انتظامیہ کو اس شاندار تقریب کے انعقا پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات عوام الناس میں دین کی طرف رحجان کو بڑھاتی ہیں اور ان کے اندر اخلاقی اقدار کو بیدار کرتی ہیں۔
مہمان خصوصی امجد جاوید شیخ ( سینئر آڈیٹ آفیسر اے ، کے اے منیجمنٹ کنسلٹنسی دبئی اور ایک انسان دوست شخصیت ) نے طلبا و طالبات کی کارکردگی اور اسکول انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی پر اثر تقریبات ہر ادارے اور اسکول میں ہونی چاہیے تاکہ نئی نسل اپنے دین سے مکمل آگاہی حاصل کرے اور اس معاشرے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ مہمان خصوصی عثمان وزیر ( ایک مشہور باکسر ہیں اور ایشیاء بوائے کے ٹائٹل سے پہچانے جاتے ہیں ۔ ) نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور اسکول انتظامیہ کو اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔
عثمان وزیر طلبہ کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ننھے طلباء نے مختلف انداز میں تزکیہ کے موضوع پر خاکے اور نشید پیش کی ۔ مہمان خصوصی محترمہ دیبا نذیر ( ڈائریکٹر پی ، ای ، ایس سکول پفوا ایجوکیشن سسٹم ) نے طالبات کا خصوصی شو دیکھا جو صرف خواتین پر مشتمل تھا ۔ ہونہار طالبات کی کارکردگی قابل تعریف تھی محترمہ دیبا نذیر نے طالبات انتھک اور صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں ایسی تقریبات کے انعقاد کی پذیرائی کی ۔ طلباء کا کام قابل دید اور متاثر کن تھا اساتذہ کی محنت اور لگن بھی نمایاں تھی ۔
ڈائریکٹر اسکول جناب عاطف اقبال نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد دین اور دنیا کو ساتھ لے کر چلنا ہے تاکہ نئی نسل میں دین کی مکمل آگاہی اور شعور پیدا ہو ۔ اللہ تعالیٰ ہماری کاوش کو قبول فرمائے ۔ آمین تقریب کے مہمانان خصوصی نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ اور طلباء کے کام کو خراج تحسین پیش کیا ۔ الہدی انٹرنیشنل سکول جدید دور کا ایک ایسا ادارہ ہے جو دین اور دنیا کو ساتھ لے کر چل رہا ہے الہدی انٹرنیشنل سکول 2010ء میں قیام پذیر ہوا۔