پنجاب میں شدید دھند، موٹرویز کے کئی سیکشن ٹریفک کیلئے بند، فضائی آپریشن متاثر


لاہور (صباح نیوز)پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے کئی سیکشن ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے،شدید دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور ایم تھری فیض پور لاہور سے عبدالحکیم تک بند کی گئی۔ ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک بند کی گئی۔

قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے ڈیرے رہے جس سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ شدید دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔ شہریوں کو گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال، غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔