لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماحافظ محمد ادریس نے کہا کہ ملک میں بے برکتی کی بڑی وجہ اسلام سے دوری ہے ۔ تمام مسائل کا حل ملک میں اسلامی نظا م کے نفاذ میں ہے ۔ سودی کاروبار کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔ختم نبوت ۖکا دفاع ہر مسلمان کا فرض ہے ،کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں ۔اس وقت امت ٹکروں میں بٹی ہوئی ہے جس کہ وجہ سے مسلمان بے توقیر ہوگئے، کشمیر اور فلسطین میں دشمنوں نے مسلمانوں پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں ۔مسلم ممالک کے حکمران گونگے بہرے بن گئے ہیں ان کی اسی بے حسی پر ظالم کو مزیدظلم پرشہ مل رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا ۔ حافظ ادریس نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ عوام مہنگائی کی چکی پس رہے ہیں ۔ کمر توڑ مہنگائی کے ظلم کے خلاف حکومتی صفوں میں بھی اب آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے ۔لوگوں کی آہوں اوربددعائوں کی جہ سے حکومتی کشتی پار لگتی مشکل نظر آرہی ہے ۔ گندم کی بوائی کے موقع پرکھاد کا شارٹ ہونا اور بلیک میںملنا حکومتی دعوؤ ں کی نفی کرتا ہے ۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پہلے معیشت برباد ہوئی اب زراعت تباہی کے دہانے پر ہے۔ جو حکومت کی کارکرگی پر سوالیہ نشان ہے ۔