8 فروری کا الیکشن ناگزیر ہے۔ لیاقت بلوچ

راولپنڈی(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 8 فروری کا الیکشن ناگزیر ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ قوم کو آخر تک گو مگو کی کیفیت میں رکھتی ہے۔ ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ ساری جماعتوں کو کھلا موقع دیا جائے۔ کسی کو آزادی اور کسی کو پابند کرنا جمہوریت کے خلاف ہے۔ تمام جماعتیں پٹ چکی ہیں’ اب عوام جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہریں لگائیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ؛ جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی ‘ امیدواران قومی اسمبلی رضا احمد شاہ’ عمران شفیق ‘ امیدواران صوبائی اسمبلی ملک عمران ‘ سیدظفر محمود ‘ صدر جے آئی یوتھ بلال ظہور مغل ‘ سید ارشد فاروق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس سے قبل لیاقت بلوچ نے انتخابی کیمپ کا افتتاح کیا۔ جبکہ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں علامتی ووٹ بھی ڈالے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی کے حکمران ہی پاکستان کی تباہی اور بربادی کے ذمہ دار ہیں۔ یہ لوگ ایک بار پھر طرح طرح کے نعروں اور دعوں کے ساتھ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام کو بدترین مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ اسی طرح ماضی میں آئی ایم ایف کے ساتھ ذلت آمیز شرائط کے ساتھ معاہدے کئے گئے۔ جو اب عوام کو بھگتنے پڑ رہے ہیں۔ افسوس کہ حکمرانوں نے کشمیر پر سودے بازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں پر قیامت گزر گئی ہے۔ مگر ہمارے ملک کی بڑی جماعتوں کی قیادت نے امریکا اور یورپ سے ڈرتے ہوئے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکالا ہے۔

دوسری طرف امریکا اور یورپ کے بڑے بڑے شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں لاکھوں کے مظاہرے ہوئے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام ماضی کے چوروں اور لٹیروں کو خوب پہچان چکے ہیں۔ اب جماعت اسلامی ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے۔ عوام 8 فروری کو ترازو پر مہر لگا کر کرپٹ لوگوں کو مسترد کر دیں۔ سید عارف شیرازی نے راولپنڈی میں انتخابی مہم کے آغاز پر جے آئی یوتھ کی طرف سے بھرپور اور کامیاب کیمپ لگانے پر مبارکباد دی اور کہا راولپنڈی کے نوجوان جماعت اسلامی کی کامیابی میں بنیادی اور اہم کردار ادا کریں گے۔۔