فرانس میں ایک اور مسجد کوبند کرنا بدترین ریاستی اسلامو فوبک دہشت گردی ہے۔شجاع الدین شیخ


لاہور( صباح نیوز)) تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ فرانس میں ایک اور مسجد کوبند کرنا بدترین ریاستی اسلامو فوبک دہشت گردی ہے۔

ایک بیان میں  انہو ں نے کہا کہ فرانس کے شہر کین میں ایک اورمسجد کو بند کیے جانے کے عمل نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیاہے کہ مغربی دنیا اخلاقی سطح پر دیوالیہ ہوچکی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مغرب میں مذہبی آزادی اور مساوات کے نام نہاد عَلم بردار سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک اور نبی اکرمۖکی توہین کرتے ہیں اور مسلمانوں پر پابندیاں لگاکر انہیں شعائرِ اسلام کے مطابق زندگی گذارنے سے روکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ مغرب کے اِن اسلام دشمن اقدامات پر مسلم ممالک کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ایسا محسوس ہوتاہے کہ عالم اسلام کی دینی غیرت و حمیت کا جنازہ نکل چکا ہے۔مزید براں امت مسلمہ کی بدقسمتی ہے کہ ہمارا سیکولر اورلبرل طبقہ مغرب کی اندھا دھند تقلید میں اسلامی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر بے حیائی پر مبنی مغربی تہذیب کی مکمل طور پر پشت پناہی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ عالمِ اسلام متحد ہو کر کفار کا مقابلہ کرے۔

علاوہ ازیں مسلمان انفرادی سطح پر اسلام کو زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنائیں اور اجتماعی سطح پراللہ اور اس کے رسول ۖکی تعلیمات کو مکمل طور پر نافذ کریں ۔ ایسی صورت میں دشمنانِ اسلام کو مسلمانوں کے خلاف اسلاموفوبک دہشت گردی کا ارتکاب کرنے کی کبھی جرأت نہ ہوسکے گی