سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدت پوری کی نہ مدت پوری کی،عطاتارڑ


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدت پوری کی نہ مدت پوری کی،علما کو کیوں چپ لگ گئی ہے، نواز شریف کے خلاف فتوی جاری ہوتا تھا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سے کوئی نہیں بچا سکتا، انہیں عمر قید کی سز اہونی چاہیے،جعلی اکاؤنٹس بناکر انتشار پھیلانا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔

لاہور میں رہنما ن لیگ عطاتارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کے حملے نواز شریف نے کروائے کیا، حسان نیازی نواز شریف کا بھانجا ہے؟ شرم سے ڈوب مرو جیل جا کر بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے، 190 ملین پاؤنڈز پر کیوں نہیں بولتے۔ پی ٹی آئی نے پراپیگنڈا میں پی ایچ ڈی کی ہے، ہم نے 2300 اکاؤنٹس کو سرچ کیا تو 1700 پی ٹی آئی کے تھے ، فیک اکاؤنٹس چلانے سے پہلے ان کی تصاویر تو تبدیل کردیتے، ٹوئٹر پول کسی کے بھی حق میں کراسکتے ہیں۔

عطاتارڑ نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے پول کرانے کی روایت بھی سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈالی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نہ عدت پوری کی نہ مدت پوری کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کاایک کے بعد ایک کیس ثابت ہورہا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈز کا کیس روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے، 190ملین پاؤنڈز سکینڈل ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی ملکی تاریخ کا بدترین وزیراعظم تھا، ہمارے اوپر جب مشکل وقت تھا تو کسی نے پارٹی نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سے کوئی نہیں بچا سکتا، انہیں عمر قید کی سز اہونی چاہیے۔عطا اللہ تارڈ نے اہم دستاویزات کیساتھ انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ پاکستان ہوتا تو سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ہاتھ پر بیعت کرتا، جان برکس کے نام سے ایک ٹویٹر اکاؤنٹ بنا یا گیا ، ٹویٹر اکاؤنٹ پر جینز بش کی تصویر لگائی، 2017میں پی ٹی آئی کی ٹیم نے یہ اکاؤنٹ بنایا، یہ اکاؤنٹ  2022میں فعال کیا گیا، جوزیف گوبیل زندہ ہوتا تو پاکستان ہجرت کرکے انکے ہاتھ پر بیعت کرتا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن پر پول بنایا گیا جس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا نام نہیں ڈالا گیا، جان برکس کہہ رہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے بہتر کوئی لیڈر نہیں تو پھر دوسرے امریکی سے اپروول کی کیا ضرورت ہے۔عطاتارڑ نے کہا کہ کبھی کہتے ہیں امریکا نے حکومت گرائی، کبھی کہتے ہیں محسن نقوی نے گرائی، ذہنی توازن ٹھیک نہیں نہ مدت مکمل کی اور نہ عدت مکمل کی، علما کو کیوں چپ لگ گئی ، نواز شریف کے خلاف فتویٰ جاری ہوتا تھا۔