سال 2013-18 میں ہیلتھ بجٹ صرف 169ارب ، ہماری حکومت نے رواں مالی سال بجٹ399ارب روپے کردیا ہے:عثمان بزدار


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 2013-18 میںہیلتھ کا بجٹ صرف 169ارب روپے تھا جبکہ ہماری حکومت نے رواں مالی سال میں ہیلتھ کا بجٹ 369 ارب روپے سے بڑھا کر399ارب روپے کردیا ہے۔ لاہور ڈویژن میں36ارب 65کروڑ روپے کے ہیلتھ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ گنگارام ہسپتال میںسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ بلاک کی تعمیرہورہی ہے جس پر7ارب روپے لاگت آئے گی۔ فیروز پور روڈپر ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جائے گا اور اس ہسپتال کی تعمیر پر مجموعی طور پر 8ارب روپے لاگت آئے گی۔ پہلے مرحلے میں 100بستروں پر مشتمل ہسپتال کو فنکشنل کریںگے۔ جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی اورٹراما سینٹرز بنیں گے جبکہ 4ارب روپے کی لا گت سے چائلڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی تعمیر ہوگی۔

لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مختلف وارڈ کی اپ گریڈیشن پرساڑھے35ارب روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو پیپرلیس دور میں لانے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ہاسپٹل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم لایا جارہا ہے۔ ان ہیلتھ فسیلٹیز کے ذریعے شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بڑا نشتر ہسپتال 1953ء میں بنایا گیا۔ جنوبی پنجاب کے لئے ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔

راولپنڈی اور بہاولپور میں ڈینٹل کالج بنائے جارہے ہیں۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 8مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ ، حافظ آباد اور چکوال میں نئے ڈسٹرکٹ ہسپتالوںکے ساتھ منڈی بہاؤالدین کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نامکمل منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور مجموعی طور پر صوبہ بھر میں  158 ہسپتالوں اور مراکزصحت کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3 سال میںہم نے 78نئی ہیلتھ فسیلٹیز قائم کیں۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں ہیلتھ کے 91نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔

صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں مفت ادویات کے لئے مجموعی طور پرسوا  37 ارب روپے مختص کئے گئے ۔  مزدور اور محنت کش طبقے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیںفراہم کرنے کے لئے نئے ہسپتال بنانے پر بھی توجہ دی گئی۔PESSI کے آغاز سے52 سال یعنی2018ء تک پنجاب میں 14سوشل سیکورٹی ہسپتال تھے اور ہم نے صرف تین سال میں 9نئے ہسپتال بنائے اور اب صوبہ میں 23سوشل سیکورٹی ہسپتال ہیںجہاںہررجسٹرڈ مزدور اور محنت کش کو مفت علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر ہیں