بوسٹر ڈوز کیلئے عمر کی حد 18سال مقرر،کل سے لگوائی جائیں گی


اسلام آباد(صباح نیوز) این سی او سی نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کرکے 18سال مقرر کردی۔

اس حوالے سے این سی او سی نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کل سے بوسٹرڈوز لگواسکتے ہیں، مکمل ویکسینیٹڈ افراد 6 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔

حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے کورونا کی بوسٹر خوراک بھی بلا معاوضہ رکھی ہے تا کہ غریب شہری بھی کورونا وبا سے محفوظ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بوسٹر ڈوز کا آغاز گزشتہ برس یکم دسمبر سے کردیا گیا تھا، تاہم ابتدائی طور پر بوسٹر ڈوز لگوانے کے لئے 50 سال سے زائد عمر افراد کی حد مقرر تھی، اور بعد میں 30 سال کی عمر کے افراد بوسٹر ڈوز کے اہل تھے۔