بنگلہ دیش میں رواں سال ڈینگی سے اموات 1606 تک پہنچ گئیں


ڈھاکہ(صباح نیوز) بنگلہ دیش میں رواں سال ڈینگی سے ہونے والی اموات کی تعداد 1606تک پہنچ گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ رواں سال اب تک 309000سے زائد افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ ہے۔

ماہرین صحت نے رواں سال ڈینگی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا کیونکہ عام طور پر مون سون کی بارشیں ختم ہوتے ہی ڈینگی وائرس میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے تاہم رواں سال صرف نومبر میں ڈینگی کے 38 ہزار کیسز ریکارڈ کئے گئے۔

ڈھاکہ کی بنگ بندھو شیخ مجیب میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد شرف الدین احمد نے کہا کہ پچھلے سالوں میں اس عرصے کے دوران ہم نے ڈینگی کا کوئی مریض ریکارڈ نہیں کیا۔