لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو بشیر میمن کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ معاملے پر ایف آئی اے کو سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا ساتھ ہی عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 فروری کو جواب بھی طلب کر لیا۔

جسٹس امجد رفیق نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی درخواست پر سماعت کی، سابق ڈی جی ایف آئی کی طرف سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ماڈل صوفیہ مرزا کے کیسز میں تحقیقات نہ کرنے کے الزام میں ایف آئی اے نے انہیں طلب کیا ہے۔

سابق ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ میں تینوں مقدمات میں براہ راست نامزد نہیں ہوں، مقدمات میں ماڈل صوفیہ مرزا کے سابق خاوند عمر فاروق ظہور کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرائل عدالت سے عبوری ضمانت کے بعد بھی تفتیش میں شامل ہو چکا ہوں۔

بشیر میمن کے وکیل نے 3 مقدمات کے علاوہ بھی ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات بنانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے استدعا کی کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت تمام مقدمات کی دستاویزات فراہم کی جائیں اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو تادیبی کارروائی سے بھی روکا جائے۔تاہم عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایف اے کو سابق ڈی جی کے خلاف کیس تادیبی کارروائی سے روک دیا۔