وزیرخارجہ سے ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری کی وزارتِ خارجہ میں ملاقات


اسلا م آباد(صباح نیوز) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی ،

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،دفاعی و عسکری تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال کیا گیا ،وزیر خارجہ نے معزز مہمان کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا ، ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے مابین ،پہلے سے موجود دفاعی اور عسکری تعاون کے معاہدوں کو فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا.

اس موقع پر وزیرخارجہ، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات استوار ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدلنے کا خواہشمند ہے،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 16/17 جولائی 2021 کو وزیر اعظم عمران خان کے دورہ  تاشقند اور ازبک صدر شوکت مرزاایوف کیساتھ ہونے والی ملاقات سے، دو طرفہ تعلقات مزید وسعت پذیر ہوئے، پاکستان، “وژن وسط ایشیا “پالیسی کے تحت، ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کمیشن کے قیام سے متعلق معاہدہ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس معاہدے سے  دہشت گردی کی روک تھام ، منشیات کی سمگلنگ کو روکنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کے حصول میں مدد ملے گی، وزیرخارجہ نے کہاکہ تہران میں افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزاراتی اجلاس کے موقع پر میری ازبک وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات انتہائی سود مند رہی،  انہو ںنے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور ازبکستان کے نقطہ نظر میں مماثلت ہے،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ  افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری، افغان عوام کی مدد کرے، انہو ںنے کہاکہ پاکستان، اپنی توجہ، جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کیے ہوئے ہے،افغانستان میں قیام امن سے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ ملے گا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان اور ازبکستان،یکساں طور پر افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں