الیکشن کمشنر پنجاب کا دفتر ریجنل الیکشن کمشنر بہاولپور کا دورہ


لاہور (صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر بہاولپور کا دورہ کیا اور بہاولپور ڈویژن کے ضلعی الیکشن کمشنرز سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ریجنل الیکشن کمشنر بہاولپور، ضلعی الیکشن کمشنر بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حلقہ بندی کمیٹی کے افسران کے ساتھ ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، جناب سکندر سلطان کی طرف سے لاہور میں منعقد کئے گئے اجلاس میں ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ بندی کمیٹیوں میں شامل تمام افسران حلقہ بندی کی حساس ذمہ داری کو دیانتداری، انصاف اور تندہی سے مقررہ وقت کے اندر سر انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کی انجام دہی میں سیاسی و دیگر شخصیات کی طرف سے مداخلت کو خاطر میں نہ لایا جائے اور حلقہ بندی مکمل طور پر غیر جانبدارانہ طریقے سے کی جائے جس میں متعلقہ قوانین اور عوام کی سہولت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے تمام شرکا کو آگاہ کیا کہ حلقہ بندی کے عمل کے دوران، چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان مختلف اضلاع کا سرپرائز وزٹ بھی کریں گے اور افسران کی کارکردگی اور حلقہ بندی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے تاکید کی کہ حلقہ بندی کی ابتدائی فہرست کے جاری ہونے تک متعلقہ تمام دستاویزات کو محفو ظ تحویل میں رکھا جائے۔

واضح رہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، 10فروری، 2022کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست ووٹرز کے اعتراضات کیلئے جاری کر دی جائے گی، جبکہ 12مارچ2022تک حلقہ بندی اتھارٹیاں ان اعتراضات پر فیصلے جاری کریں گی۔ 22مارچ 2022کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی جائے گی۔ریجنل الیکشن کمشنر بہاولپور نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو بہاولپورڈویژن میں جاری حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کی کل آبادی 1,14,52,594ہے، جبکہ مذکورہ ڈیویژن میں 68,04,041رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ حلقہ بندیوں کے کام کا باقاعدہ آغازز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں تمام انتظامی امور مکمل کئے جا چکے ہیں۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گھر گھر تصدیقی مہم کے اختتام کے بعد اب متعلقہ فارمز کی ڈیٹا انٹری اور اندراج کا کام جاری ہے جو کہ ڈبل شفٹ میں کام کر کے مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ ضلع بہالپور میں انتخابی فہرستوں کی ڈیٹا انٹری کا 73 فیصد، بہاولنگر میں 55فیصد، جبکہ رحیم یار خان میں 61فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشنکمشنر پنجاب نے اس حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی الیکشن کمشنرز، ڈیٹا انٹری کے کام کی ازخود نگرانی کریں اور اچھی طرح جانچ کریں، تمام سٹاف کو تندہی اور احتیاط سے کام کرنے کی تا کید کریں۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے گزشتہ روز ضلع لودھراں میں بھی ضلعی الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات کی اور وہاں حلقہ بندی اور انتخابی فہرستوں کے کام کا جائزہ لیا۔ ضلعی الیکشن کمشنر لودھراں نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو بریفنگ دی اور بتایا کہ حلقہ بندیوں کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے جبکہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے ڈیٹا انٹری کا کام بھی تندہی سے جاری ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ریجنل الیکشن کمشنر ملتان اور ضلعی الیکشن کمشنر لودھراں کے ہمراہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر کی تعمیر کے لئے مختص کئے گئے پلاٹ کا بھی جائزہ لیا اور پلاٹ کے گرد چار دیواری کی تعمیر کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار سے بھی ملاقات کی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے متعلقہ ٹھیکیدار کو تاکید کی کہ چار دیواری کی تعمیر کیلئے معیاری میٹیرئیل استعمال کیا جائے اور مقررہ وقت کے اندر کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ریجنل الیکشن کمشنر ملتان اورضلعی الیکشن کمشنر لودھراں کو بھی ہدایات دیں کہ اس دوران کام کی نگرانی کریں، تمام عمل کو چیک کرتے رہیں اورمقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں۔