نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا چارسدہ گاؤں کا دورہ، خیبرپختونخوا کے سابق نگران وزیر اعلی اعظم خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت


چارسدہ(صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سابق نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کی وفات پر تعزیت کے لئے چارسدہ کے گاؤں پڑانگ گئے جہاں انہوں نے مرحوم نگران وزیر اعلی کے صاحبزادوں بہرام اعظم خان اور سکندر اعظم خان اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم انتہائی قابل افسر تھے اور نگران صوبائی حکومت میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلی ارشد حسین شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔