منی لانڈرنگ مقدمہ ،شہباز شریف اور حمزہ کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج


لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے بد نیتی پر تحقیقات شروع کیں، جیل میں شامل تفتیش بھی کیا گیا، تحقیقات میں اب تک شہباز شریف کا کوئی بے نامی اکاؤنٹ سامنے نہیں آیا، ایک ہی معاملے کی دو انویسٹی گیشن ایجنسیز تحقیقات نہیں کر سکتیں۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نیب کا معاملہ دیکھے بغیر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ معاملہ ایک ہی ہے۔ وکیل شہباز شریف نے درخواست نئے سرے سے دائر کرنے کیلئے واپس لے لی۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔