مظفرآباد (صباح نیوز)صحافیوں اور ابلاغ عامہ کے طلبا و طالبات کے لئے صحت سے متعلق معتبر معلومات تک رسائی اوراس کی موثر تشہیرکے لیے آغاخان یونیورسٹی کراچی اور جامعہ کشمیر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ دوروزہ تربیتی پروگرام یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر میں اختتام پذیر ہوگیا۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق صحت کی معتبرمعلومات تک رسائی،تشریح اور ررپورٹنگ کے عنوان سے منعقدہ کورس آغا خان یونیورسٹی کے غیرمتعدی امراض،دماغی صحت،پبلک ہیلتھ اور جامعہ کشمیر کے شعبہ ابلاغ عامہ کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوا جس میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نیشنل انسٹیٹوٹ فارہیلتھ ریسرچ (این آئی ایچ آر)کے تعاون اور یونیورسٹی آف واروک(Warwick)کی مالی اعانت سے مکمل ہونے والے اس کورس کا مقصد صحت کی درست معلومات کو مثر طریقے سے پھیلانے کے لئے ضروری مہارتوں کے ساتھ میڈیا کے پیشہ ور افراد اور ماس کمیونیکیشن کے طلبا کو بااختیار بنانا تھا۔آغاخان یونیورسٹی کے شعبہ غیر متعدی امراض اور پبلک ہیلتھ سیکشن کے شعبہ جات کی سربراہ پروفیسرڈاکٹر رومینہ اقبال، ڈاکٹر بلال احمد عثمانی، اسسٹنٹ پروفیسر اوروبائی امراض کے شعبہ کے سربراہ سمیت جامعہ کی سینئر انسٹرکٹرز کی ایک ٹیم جن میں صباحت ناز، ڈاکٹر ماہ رخ ظفر، ڈاکٹر محمد ضیا الحق جبکہ جامعہ کشمیر کے آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی نے شرکا ء کو مختلف لیکچرزاورتربیتی مشقوں کے ذریعے عوام تک صحت سے متعلق معتبرمعلومات تک رسائی، اس کی تشریح اور باقاعدہ خبروں کے ذریعے تشہیر کے لئے اہم معلومات فراہم کیں۔
کورس کے ٹرینرز نے میڈیا کے پیشہ ور افراد اور طلبا کو صحت سے متعلق معتبر معلومات تک رسائی کے لیے مختلف ٹولز اور تکنیکوں سے لیس کیا، جس سے وہ عوام کو سائنسی علوم کی درست تشریح اور انہیں رپورٹ کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔کورس کے اختتام پر شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے آغا خان یونیورسٹی کراچی کی ٹیم اور جامعہ کشمیر کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے انہیں صحت سے متعلق رپورٹنگ کے حوالہ سے اہم معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے ٹرینرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوران تربیت حاصل ہونے معلومات انہیں مستقبل میں صحت کے مسائل پر خبروں اور تجزیوں میں انتہائی ممدومعاون ثابت ہوگی۔اسسٹنٹ پروگرام منیجرجاریہ تعلیمی پروگرامز آغا خان یونیورسٹی شہزادراجوانی نے ٹریننگ کے انعقاداورموثر رابطہ کاری جبکہ جامعہ کشمیر سے آفیسر تعلقات عامہ مبشرنقوی نے سہولت کار کے فرائض انجام دئیے۔دریں اثنا آغاخان یونیورسٹی کے وفد نے جامعہ کشمیر کی فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ اور ہیلتھ سائنسز کے فیکلٹی ممبران سے بھی ایک اہم ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ نے وفد کو جامعہ کی فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے قیام، اغراض و مقاصد،جاریہ پروگرامزاور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ کشمیر کی ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز فیکلٹی اپنے قیام سے لیکر تاحال ترقی کی مناز ل طے کرتی چلی آرہی ہے اور اس سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملک بھر کے سرکاری و نجی اداروں میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔آغاخان یونیورسٹی کے وفد نے یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے متنوع پروگراموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اور میڈیکل اور ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت میں ادارے کی قابل ستائش خدمات کو سراہا۔اس موقع پر مستقبل میں دونوں جامعات کے مابین ممکنہ تعاون کے لیے فیکلٹی کے تبادلہ،فیکلٹی ڈویلپمنٹ،معیاری تحقیق کے فروغ،طلبا کو انٹرن شپ کے مواقعوں سمیت کئی دیگر امور میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر بشیر الرحمن کنٹھ نے آغاخان یونیورسٹی کے وفد کی تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ اداکیا۔