اسلام آباد (صباح نیوز)منکی پاکس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان نے ڈبلیو ایچ او سے ویکسین کی درخواست دے دی ۔
پاکستان نے ڈبلیو ایچ او سے ایچ آئی وی انفیکشن کے سنگین مریض کے لئے ایم پی پوکس ویکسین یعنی منکی پاکس ویکسین کی درخواست کی ہے۔ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ منکی پاکس کے متاثرہ مریضوں میں ایچ آئی وی انفیکشن سے موت کی شرح 15 فیصد ہے۔پاکستان نے حال ہی میں ڈبلیو ایچ او سے ایک 40 سالہ مریض کے لیے منکی پوکس ویکسین فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جو کہ ایچ آئی وی پازیٹیو بھی ہے اور اسلام آباد کے ایک سرکاری ہسپتال میں تشویشناک حالت میں داخل ہے۔ سرکاری حکام نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے حکام کو مریض کے لئے اینٹی وائرل ادویات کے لیے خط لکھا تھا کیونکہ یہ دونوں بیماریوں کے لئے انوکھا کیس تھا۔
پمز کے ڈاکٹر وں کاکہنا ہے کہ مریض کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہو رہی ہے، اگر ہسپتال کو مطلوبہ ویکسین جلد سے جلد مل جائے تو اس کے زندہ رہنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں ۔ڈبلیو ایچ او کو ویکسین کے لئے لکھے تین ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ اینٹی وائرل دوائی حاصل کرنے کے لئے درکار تمام کاغذی کارروائی مکمل ہو چکی ہے لیکن بین الاقوامی صحت عامہ کی ذمہ دار ایجنسی نے ابھی تک اسے فراہم نہیں کیا ۔