مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ ہم ملائشیا، سنگاپور اور کوریا کے تعلیمی ماڈل کو سامنے رکھ کر آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو کمپیوٹر اور ہیلتھ سائنسز کے مختلف شعبوں کی تعلیم و تربیت سے آراستہ کر کے ان کے مستقبل اور ریاست کی ترقی پر توجہ مرکوز کیئے ہوئے ہیں۔
مظفرآباد میں جامعہ کشمیر سے ملحق فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کی سالانہ تقریب انعامات سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ آج ہمارے برادر مسلم ملک ملائیشیا نے ڈاکٹر مہاتیر محمد کی ویژن کی روشنی میں تعلیم خاص طور پر اعلی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اور یہی راستہ سنگاپور اور دو حصوں میں تقسیم کوریا نے اختیار کیا جو آج ترقی کی دوڑ میں ہم سے بہت آگے نگل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود ہمارے پڑوسی ملک بھارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکہ کا مقابلہ کر رہا ہے۔ اس لیئے ہماری کوشش ہے کہ اپلائیڈ ہیلتھ سائنسز اور آئی ٹی کی تعلیم پر فوکس کریں تاکہ ہمارے نوجوان ان شعبوں میں مطلوبہ تعلیمی استدار اور تربیت حاصل کر کے جہاں مک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں وہاں ان کا اپنا مستقبل بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیمی وسائل و ذرائع سے استفادہ کریں اور اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو محض کلاس روم تک محدود نہ رکھیں۔
انہوں نے کہ کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے آج کی دنیا کو ایک گلوبل ویلج میں بدل دیا ہے جس کے نتیجہ میں مظفرآباد کا ایک طالب علم بھی اپنے گھر اور اپنے شہر میں بیٹھ کر لندن اور واشنگٹن کے طلب علم کے ساتھ مسابقت کر سکتا ہے۔ ہمارے طلبہ ذہنی استدار اور قابلیت میں دنیا کے کسی ملک کے طلبہ سے کم نہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو درست سمت میں رہنمائی کریں اور انہیں دنیا میں دستیاب مواقع سے روشناس کرائیں اور ان کے اندر محنت کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے نکال کر اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کی واحد امید ہماری نوجوان نسل کو ایسی تعلیم دینا جس کی قومی سطح پر ضرورت ہے
پروفیسر ڈاکٹر محمدکلیم عباسی نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کی کردار سازی انہیں معاشرے کی اعلی انسانی قدروں سے روشناس کرائیں، کوالٹی ایجوکیشن کو اپنا مطمع نظر بنائیں اور نئی نسل کو مقصد کے حصول کا راستہ دکھائیں۔ انہوں نے فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر اس انسٹیٹیوٹ کو ہیلتھ سائنسز کی تعلیم کو فروغ دینے کے مشن میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔ تقریب سے فیڈریل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز گروپ کے چیئرمین نعیم مسعود، فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز مظفرآباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ انیس الدین، انسٹیٹیوٹ کی پرنسپل ڈاکٹر مدیحہ عارف شیخ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔