اپوزیشن کے رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں ،اقتدار کی ہوس ہے ،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے رہنمائوں کے سینے میں دل نہیں ،اقتدار کی ہوس ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ  اپوزیشن جماعتوں کا قومی ایشوز پر سیاست کرنا بے حسی اور سنگدلی ہے، دکھی انسانیت کو تنہا چھوڑ کر سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ،تحریک انصاف کی حکومت کو اپوزیشن بھی وہ ملی جسے قومی مفادات کا شعور ہے نہ ادراک، اپوزیشن جماعتوں نے پہلے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی، پھر ان عناصر نے کورونا، ڈینگی اور مری واقعہ پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مخالفت برائے مخالفت میں انسانی زندگیوں پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے باز نہیں آئیں، اپوزیشن کے رہنمائوں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے، قوم کی تائید سے اپوزیشن کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ایک بار پھر اپوزیشن کو شکست ہوگی۔