کینیڈین شاعرہ روپی کور نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی تقریب میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی

واشنگٹن(صباح نیوز) انڈین نژاد کینیڈین شاعرہ روپی کور نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی جانب سے وائٹ ہاس میں منعقد ہونے والی دیوالی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ کھلے عام مسترد کردیا ہے۔ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کور نے لکھا کہ انہیں چند دن پہلے ان کا دعوت نامہ موصول ہوا تھا اور انہوں نے تبصرہ کیا کہ وہ حیران ہیں کہ دیوالی منانا اس انتظامیہ کو قابل قبول ہے، جب کہ فلسطینیوں کے خلاف حالیہ مظالم کے لیے ان کی حمایت ہم میں سے بہت سے لوگوں کے لیے اس دن کے معنی کے بالکل برعکس ہے۔انہوں نے کہا، آج امریکی حکومت ناصرف غزہ پر بمباری کی فنڈنگ کر رہی ہے بلکہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اس نسل کشی کا جواز بھی پیش کر رہی ہے، قطع نظر اس کے کہ کتنے ہی پناہ گزین کیمپوں، صحت کے مراکز اور عبادت گاہوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے، جس کا مطالبہ اقوام متحدہ، ڈاکٹرز ود آٹ بارڈرز، ریڈ کراس جیسی تنظیموں اور بیشتر ممالک کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔کور نے مزید کہا کہ وہ جنوبی ایشیائی برادری پر زور دے رہی ہیں کہ بائیڈن انتظامیہ کو اسرائیل کی حمایت کرنے پر جوابدہ بنایا جائے، انہوں نے لکھا کہ ایک سکھ خاتون ہونے کے ناطے وہ وائٹ ہاس کو اجازت نہیں دیں گی کہ ان کی پسندیدگی کو اس انتظامیہ کے کاموں پر پردہ ڈالنے کے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا، میں ایسے کسی بھی ادارے کی دعوت مسترد کرتی ہوں جو پھنسے ہوئے شہریوں کی اجتماعی سزا کی حمایت کرتا ہو جن میں سے 50 فیصد بچے ہیں۔