جامعہ قائداوراسلامی یونیورسٹی میں لسانی بنیادوں پرطلبہ کوتقسیم کرنے والے اسلامی وقومی وحدت کے لیے خطرہ ہیں،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی(صباح نیوز)صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ پاکستان کا 65فیصدنوجوان قومی سرمایہ ہے انھیں مواقع ملیں توملکی ترقی میں ان کا اہم کردارہوسکتا ہے حکمران تعلیم کے راستے میں اسپیڈبریکربننے کی بجائے سہولت کاربنیں ،ترقی کاراستہ تعلیم سے ہے ،قائداعظم یونیورسٹی اوراسلامی یونیورسٹی میں شرپسندعناصرطلبہ کو پنجاب،پختون،سندھی ،سرائیکی اوربلوچی بناکراسلامی اورقومی وحدت کوتباہ کرنے کے مشن پرہیں ، لسانی بنیادوں پرطلبہ کوتقسیم کرنے والے اسلامی وقومی وحدت کے لیے خطرہ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے اسلامی جمعیت راولپنڈی کے زیراہتمام آرٹس کونسل میں منعقدہ راولپنڈی ٹیلنٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حمزہ محمدصدیقی، صوبائی ناظم حسن بلال ہاشمی ،ناظم راولپنڈی مقام سیف اللہ بٹ ،امیرضلع راولپنڈ ی سیدعارف شیرازی سمیت دیگرذمہ داران نے بھی خطاب کیا ۔ ایکسپو میں مختلف مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرزطلبہ وطالبات کوشیلڈزدی گئیں ۔