کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کاشت کاروں اور زمینداروں نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف قومی شاہراہیں بند کر دیں۔سید حمید کراس پر کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ آمد و رفت کے لئے بند کر دی گئی جبکہ یارو کے مقام پر کوئٹہ پشین، بوستان کے مقام پر زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، لورالائی اور ژوب شاہراہ بند کی گئی ۔
لکپاس پر کوئٹہ کراچی، کولپور میں سبی جیکب آباد شاہراہ پر زمینداروں نے دھرنا دیا ہے۔احتجاج اور دھرنے سے بلوچستان کا سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے ساتھ ٹریفک معطل ہو گیا ۔زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنما کاظم اچکزئی نے کہا ہے کہ احتجاج کا اختتام بجلی کی مکمل بحالی سے مشروط ہے۔ کاظم اچکزئی نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ سے صوبے میں زرعی سیزن تباہی کا شکار ہو گیا ۔