لاہور(صباح نیوز)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ابو ظہبی سے آنے والے گردے اور جگر سے لاہور کے 2مریضوں کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے، وزیر صحت نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جب بسترِ مرگ پر ہوں تو ان کے جو اعضا کام کررہے ہوں انہیں کسی کی زندگی بچانے کے لئے استعمال کرلیا جائے۔
انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ ماں باپ نے بچے کے اعضا عطیہ کیے ہیں، میرے خیال سے اس سے بڑی قربانی کاذکرنہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی کی ایک فیملی نے اپنے بیٹے کے انتقال سے چند منٹ پہلے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اس کا جگر اور گردہ پاکستان کو عطیہ کر دیا، وہ اس فیملی کی شکر گزار ہیں، آج ان کی وجہ سے 2 لوگوں کی جان بچ گئی۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ جب بستر مرگ پر ہوں تو ان کاجو آرگن کام کررہا ہو، وہ کسی کی جان بچانے کے استعمال میں لایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی ہسپتال میں بون میروٹرانسپلانٹ شروع کر رہے ہیں،ہسپتال کو مکمل طورپر فعال کرنیکی کوشش کر رہے ہیں،اسے ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن بنائیں گے، یہ ہسپتال باقاعدہ طورپر ٹیچنگ ہسپتال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاوش سے آج یہ ہسپتال اس طرح چل رہا ہے جس مقصد کیلئے بنایا گیا تھا،یہاں اب تک 231 سے زائد کڈنی ٹرانسپلانٹ ہو چکے ہیں،یہ اسپیشلائزڈ انسٹی ٹیوشن ہے، جہاں سب اسپیشلیٹیز بنانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کوصحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہیں، اپوزیشن اگر بول رہی ہے تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو ان کے کام سے تکلیف ہے۔انہوں نے کہاکہ خون دے کر لوگوں کی زندگیاں بچائی جاتی ہیں کیا وہ بھی حرام ہے۔