پولیو وائرس پھیلاؤکی روک تھام کیلئے ایک مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی،ڈاکٹر ندیم جان


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ملک میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی کامیابی سے روک تھام کیلئے تین نکاتی حکمت عملی کا اعلان کیا ہیانہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے اتوار کو اسلام آباد میں ایک آگاہی واک کی قیادت کی۔ واک  ہر سال 24 اکتوبر کو پولیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات کا حصہ تھی ۔

واک میں وزارت صحت، طلبا، سول سوسائٹی، پاکستان پولیو پروگرام کی قیادت اور روٹری، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور بی ایم جی ایف جیسے پولیو کے خاتمے کے شراکت داروں کے سینکڑوں شرکا نے شرکت کی ۔اس موقع پروفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنوں میں مقامی سطح پر آپریشن مراکز قائم کئے جارہے ہیں کیونکہ چار مریضوں میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں تین کا تعلق بنوں سے ہے۔انہوںنے ان مراکز کو اضافی وسائل اور ماہرین صحت کی فراہمی کے ذریعے مزید فعال بنانے کا عزم ظاہرکیا۔

وفاقی وزیرصحت نے پولیو وائرس پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ضروری وٹامنز کی اضافی خوراک کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں ۔ندیم جان نے کہا حکومت نے رابطہ حکمت عملی وضع کی ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کے ذہنوں میں پولیو کے قطروں سے متعلق غلط فہمیاں ختم کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے ۔انہوں نے اپنی زندگیاںخطرے میں ڈال کر رضا کارانہ خدمات دینے والے پولیو ورکرز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔