سراج الحق و دیگر رہنماؤں کی لاہور پریس کلب کی نومنتخب باڈی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے لاہور پریس کلب کی نومنتخب باڈی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے اور ا س امید کا اظہار کیا ہے کہ صحافی ملک میں میڈیا کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی کی قیادت نے صدر پریس کلب اعظم چودھری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، سینئر نائب صدر سلمان قریشی، نائب صدر ناصرہ عتیق، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، سیکرٹری شیراز حسنات اور گورننگ باڈی کے ممبران کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی تمام صحافی تنظیموں کی آزادیٔ صحافت اور دیگر چیلنجز کے لیے جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ترین ستون ہے اور صحافیوں نے ملک میں جمہوری اقدار کی بالادستی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنھیں جماعت اسلامی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔