فلسطین پرمسلم حکمرانوں کی خاموشی امریکہ واسرائیل کی خاموش حمایت ہے،عبد الحق ہاشمی


 کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی امریکی غلامی واسرائیل کی خاموش حمایت ہے ،مسلم حکمرانوں کی خاموشی ،امریکی بدمعاشی کی وجہ سے غزہ ملبے کا ڈھیر بن کرفلسطینی مسلمانوں کاقبرستان بن گیا ہے ۔ حماس وفلسطین کو مسلمانوں اورانسانیت سے محبت کرنے والوں کی حمایت حاصل ہے ۔اقوام متحد ہ ،اوآئی سی ،عرب ممالک اور مسلم ممالک کے حکمران خاموش تباہی کا تماشاکر رہے ہیں جوقابل مذمت ہے۔

انہوں نے  بیان میں کہا کہ مقتدرقوتوں کوملک کو لوٹنے والے قیدی کا قومی سطح پرزبردستی، عوامی منشاء کے خلاف استقبال،انتظامیہ ومشینری لگانا،میڈیا کوریج کرنے کے بجائے مظلوم فلسطینیوں کا آوازبننا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں جاری اسرائیلی و امریکی قتل عام اور ظلم و بربریت پر او آئی سی کی محض مذمت کافی نہیں ، مسلم ممالک اور حکمران فیصلہ کر لیں کہ دنیا کے دہشت گرد امریکہ واسرائیل سے ڈرنا ہے یاآخرت میں اللہ کو جواب دہ بھی ہے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور عالمی برادری تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔اسرائیل ایک نا جائز ریاست ہے جس نے دنیا کا امن تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے ۔ غزہ آج لہو لہوہے قبرستان وکھنڈرات بن گیا مگر مسلم حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں انہیں اقتدار وذاتی مفادات کی فکر ہے ۔ غزہ میں ہسپتال محفوظ ہیں نہ سکول اور پبلک مقامات ہر طرف بمباری ہورہی ہے فاسفورس بموں وجدید اسلحہ کا سرعام استعمال ہورہاہے ۔مسلم حکمران ،افواج کے سپہ سالار صرف مذمتی بیانات پر اکتفا کر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔غزہ ہسپتال کے بعد پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے سینکڑوںفلسطینی بچے مائیں بہنیں شہید ہو گے ہیں ۔ انسانی حقوق کے علمبر دار ممالک ، این جی اوز اور اقوام متحدہ سب گونگے بہرے اور اندھے ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کی مدد کے لئے فنڈ قائم کر دیا ہے ، اہل پاکستان دل کھول کر اپنے دکھی بھائیوں کی ا مدا د کریں۔ انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پانی سر سے گزر چکا ہے ۔مسلمانوں کے خلاف کفار اکٹھے ہو چکے ہیں۔ غزہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی چیخیں مسلم امہ کو جھنجوڑ رہی ہیں۔ کفار ہر طرف سے ہم پر حملہ آور ہیں ۔ غیرت ایمانی کا تقاضا ہے کہ ان ظالموں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے، اس کے لئے ضروری ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے ۔جو ممالک اسرائیل اور امریکہ سے خوفزدہ ہیں ان کو آزادی کا نعرہ لگانے کا کوئی حق نہیں۔ انٹرنیشنل ونیشنل میڈیا یکطرفہ رپورٹنگ کر کے صحافتی بد دیانتی کا ثبوت دے رہا ہے ۔نہتے فلسطینیوں پر 1948سے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔روس ، یوکرائن جنگ میں بچوں کے قتل عام پر واویلا کرنے والوں کو غزہ نظر نہیں آتا۔