مظفرآباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے تعاون سے جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس میں جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ لنکن کارنر کا افتتاح کردیا گیا۔افتتاحی تقریب میں پبلک ڈپلومیسی کی منسٹر کونسلر ٹینا میلون سمیت سفارتخانے کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے قبل امریکی سفارتخانے کی ٹینا میلون اور جامعہ کشمیر کے رجسٹرار میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی نے لنکن کارنر کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کیے۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر سنتھیا نکولس، ریجنل پبلک انگیجمنٹ اسپیشلسٹ، امریکی سفارت خانے کے دیگرحکام،جامعہ کے ڈین حضرات، پرنسپل آفیسرز،ہیڈآف دی ڈیپارٹمنٹس،فیکلٹی ممبران اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جامعہ کشمیر اور اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے نے یونیورسٹی میں ایک اور لنکن کارنر کے قیام سے اپنی شراکت داری کو مزیدمستحکم کیا ہے۔امریکی پبلک ڈپلومیسی کی منسٹر کونسلر ٹینا میلون جو سفارتخانے میں اپنی تعیناتی کے بعد اسلام آباد سے باہر اپنا پہلا دورہ کر رہی تھیں نے اپنے خطاب میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دوستی اور دیرینہ تعلقات کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے ریاستہائے متحدہ کی ترقی میں پاکستانی امریکیوں کے کردارکی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے لنکن کارنرز جیسے پروگراموں کی تعریف کی۔
ٹینا میلون نے کہا کہ جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ لنکن کارنرز طلبا، فیکلٹی ممبران اور دیگر افراد کو تحقیق،مکالمے کے لیے بہترین پلیٹ فارم کے طور پر میسر رہے گا۔میلون نے جامعہ کشمیر کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہوئے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یونیورسٹی کی انتظامیہ، فیکلٹی اور طلبا کی تعریف کی۔ انہوں نے اسلام آباد سے باہر اپنے پہلے سفر کے دوران کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کی بھی تعریف کی۔اپنی تقریر میں، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی نے کنگ عبداللہ کیمپس میں لنکن کارنر کے افتتاح کو ایک اہم موقع قرار دیا اور یونیورسٹی کی طرف سے کنگ عبداللہ کیمپس میں ایک اور کارنر کھولنے کی درخواست کو قبول کرنے پر امریکی سفارت خانے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر مرتضی نے 2007 میں سٹی کیمپس میں قائم ہونے والے پہلے لنکن کارنر کے پروگرامز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جامعہ کشمیر کو دنیا اور خاص طور پر امریکہ سے جوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام کا مقصد طلبا، فیکلٹی ممبران، اور عام لوگوں کو عالمی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں معلومات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لنکن کارنر علم کے ایک متحرک مرکز ثابت ہوا ہے جس نے تحقیق، تعلیم اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا ہے۔ڈاکٹر مرتضی نے کنگ عبداللہ کیمپس میں لنکن کارنر کے اضافہ کو ایک انمول اثاثہ قراردیا جو اس کیمپس کو میں 7000 سے زائد طلبا کے لیے سیکھنے کے تجربے کو مزید پروان چڑھائے گا۔رسمی افتتاح سے قبل، امریکی سفارتخانے کے نمائندوں نے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی اور پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جہاں جامعہ کشمیر کے حکام نے یونیورسٹی کے پروگراموں، کیمپسز اور اس کے مستقبل کے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔