لاہور (صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام انتہائی ایمانداری، غیر جانبداری سے سرانجام دیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب آفس میں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بھی شرکت کی، پنجاب کے تمام ریجنل الیکشن کمشنر ز ،حلقہ بندی اتھارٹی او ر تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز ،کنونیئر حلقہ بندی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حلقہ بندی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پربریفنگ دی۔صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں حلقہ بندی کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ حلقہ بندی کا کام انتہائی ایمانداری، غیر جانبداری سے سرانجام دیا جائے، افسران کی طرف سے غفلت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی، سرکاری اہلکاران یا دیگر شخصیت کی مداخلت کی صورت میں الیکشن کمیشن کو مطلع کیا جائے، شفاف حلقہ بندی میں مداخلت کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔