اسلا م آباد(صباح نیوز) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہآج ہم چھاتی کے کینسر کے خلاف عالمی دن منا رہے ہیں جس کا مقصد اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنا اور اس کی جلد تشخیص کے بارے میں آگاہی پیدا کرکے پاکستان میں اس بیماری کی وجہ سے بلند شرح ِ اموات کو کم کرنا ہے ۔چھاتی کے کینسر کے خلاف عالمی دن ، 19 اکتوبر 2023 ، کے موقع پر اپنے پیغام میں انہو ں نے کہاکہ بریسٹ کینسر ہمارے ملک میں کینسر کی سب سے عام قسم ہے ۔ خواتین میں کینسر کے تقریبا 44 فیصد کیسز بریسٹ کینسر کے ہوتے ہیں۔
چھاتی کے کینسر کی ابتدائی مراحل میں تشخیص ہونے پر اس سے مکمل صحتیاب ہونے کے 98 فیصد امکانات ہوتے ہیں۔ تاہم، پاکستان میں سماجی رکاوٹوں کی وجہ سے اکثر خواتین میں اس بیماری کی تشخیص نہیں ہو پاتی جس کے باعث شرح ِ اموات تقریبا 50 فیصد ہو جاتی ہے۔بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور ابتدائی مرحلے میں علاج یقینی بنا کر اس تشویشناک صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ میں خواتین کو ترغیب دیتی آئی ہوں کہ وہ اپنا معائنہ خود کرنے کی عادت اپنائیں اور اگر انہیں اپنے سینے میں کوئی گلٹی نظر آئے ، تو ڈاکٹر سے بروقت مشورہ کریں۔ پچھلے پانچ سالوں سے، ہم لوگوں کو ہر ماہ اپنا جسمانی معائنہ خود کرنے کا پیغام دیتے آئے ہیں اور اپنی ان آگاہی مہمات کے ذریعے سماجی رکاوٹوں کو ختم کرنے اور لوگوں کو تعلیم دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یہ خوش آئند امر ہے کہ ہماری ان کوششوں کا مثبت نتیجہ نکلا ہے اور ہسپتالوں میں ابتدائی مرحلے میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی رپورٹنگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سال بھی، ہم اپنا معائنہ خود کرنے ، جلد تشخیص، اور بروقت علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ میں میڈیا سے بھی درخواست کرنا چاہوں گی کہ وہ اس نیک مقصد میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے اور ان کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کو کم کر سکتے ہیں۔