اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ 20 سے 22 اکتوبر تک ہونے والے مائیگرنٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کوریا روانہ ہوگئے۔وزارت سے جاری بیان کے مطابق مائیگرنٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول جنوبی کوریا میں ثقافتی تنوع کا سب سے بڑا میلہ ہے جس کی 18ویں سالگرہ چانگ وون یونگی کلچرل پارک اور سیوگسان آرٹ ہال میں منائی جا رہی ہے۔
پاکستان سمیت ایشیا بھر سے مختلف ثقافتوں، ورثے اور اقدار کے حامل ممالک مائیگرنٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول 2023 میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ “پاکستان زندہ باد” کے تھیم کے ساتھ فیسٹیول کی قیادت کرنے جا رہا ہے جس میں روایتی لباس، لوازمات، مہندی، روایتی موسیقی جیسے ڈھول، ترانہ، زندہ باد اور روایتی رقص جیسے بھنگڑا، دھمال، لڈی وغیرہ کے ذریعے اپنی ثقافتی خوبصورتی اور اقدار کو پیش کیا جائے گا۔ یہ میلہ جمہوریہ کوریا میں تارکین وطن کے لیے سب سے بڑے عالمی تہوار میں تبدیل ہو گیا ہے جس کی اہم اقدار میں ہم آہنگی، مواصلات اور بقائے باہمی شامل ہیں۔۔