لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کر انا ہوگی۔ل
اہورمیں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مری میں جاں بحق ہونے والے ظفر اقبال کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ مری پر پوری قوم صدمے میں ہے اور سیاست سے قطع نظر یہ انسانیت کا معاملہ ہے، مری میں سب کومعلوم ہے کہ 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کی گنجائش نہیں ہوتی ہے اور چند گھنٹوں میں 1 لاکھ تک گاڑیوں کی تعداد پہنچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسافر طیارہ تباہ ہونے پروزیراعظم عمران خان کراچی میں گورنر ہائوس سے واپس آگئے تھے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے کسی شخص کے گھر نہیں گئے تھے، مسافرٹرین کے حادثے میں وزیرداخلہ کسی کے گھر نہیں گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مری میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بنائے ہوئے ایس او پیز موجود ہیں اورہر قسم کی اختیاطی تدابیر بتائی جاچکی تھیں، بطوراپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی اجلاس بلوانے جارہاہوں اوراجلاس کا ایک ہی ایجنڈا ہوگا کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔