لاہور، شیخوپورہ میں دھند کے باعث حادثات، 3 افراد جاں بحق،17زخمی

شیخوپورہ ،لاہور(صباح نیوز)لاہور اور شیخوپورہ کے نواحی علاقوں میں شدید دھند کے باعث 2 حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پہلا حادثہ شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر مانانوالہ کے قریب پیش آیا جہاں بس کھڑے ٹرالے سے ٹکرا گئی، حادثے میں بس ڈرائیور نوید کے علاوہ انتظار اور راشد نامی 2 مسافر جاں بحق اور 13 زخمی ہو ئے ۔

زخمیوں کو شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔دوسرا حادثہ سیالکوٹ موٹروے کے کالا خطائی انٹرچینج پر پیش آیا، جہاں سیالکوٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے 28 سالہ حیدر سلطان کو لاہور منتقل کرنے والی ایمبولینس ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثے میں حیدر سلطان جاں بحق اور 4افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ۔