سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد نے پیر کو ملاقات کی جس میں اساتذہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرسپیکر نے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سپیکر نے کہا کہ مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

اساتذہ کا ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کردار قابل ستائش ہے۔اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینا اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔ پارلیمان نے ہمیشہ بالخصوص گزشتہ ڈیڑھ سال میں ملک میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم کا فروغ ضروری ہے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔۔