لاہور(صباح نیوز)پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 120نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں ڈینگی کے 6ہزار 735تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 40نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2ہزار 664تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔
علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 55سے زائد مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریبا129مریض زیر علاج ہیں۔کئی مریض چھوٹے نجی ہسپتالوں میں بھی زیر علاج ہیں۔ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مسلسل اضافے کے باوجود ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، ڈینگی ٹیسٹوں کے حوالے سے بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔