لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد ہی اللہ کی حاکمیت شریعت محمدی کا نفاذ اور آخرت کی فلاح ہے.
مرکز جماعت منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رحمان کے پیمانے اور شیطان کے پیمانے ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ رحمان نے انسان کو سب کچھ دیا ہے، اس کی ہر ضرورت کو وہ پورا کرتا ہے اور اس کو حکم دیتا ہے کہ اسی کے قانون کو انفرادی و اجتماعی زندگی میں نافذ کیا جائے۔ جو اس راستے پر چل نکلے خواہ فرد ہو یا قوم وہ کامیاب ہے۔ شیطان کا پیمانۂ کامیابی یہ ہے کہ من مانی کرو، جو جی چاہے کر گزرو، دولت و جائداد جس طرح چاہو بناؤ، نہ حلال و حرام کی فکر کرو، نہ جائز و ناجائز کی بحث میں پڑو، بس یہی کامیابی ہے۔ رحمان کا حکم ماننے والوں کا شیطانی لشکر سے روزِ اوّل سے مقابلہ جاری ہے۔ ہمیں اللہ نے کلمہ شہادت نصیب فرمایا ہے تو اس بات پر پوری سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ ہم کس راستے پر چل رہے ہیں اور ہمارا کامیابی کا تصور کیا ہے؟ ہم شیطان اور اس کے لشکر کا مقابلہ اللہ کی مدد اور اسی کی توفیق ہی سے کر سکتے ہیں۔ اس لیے لازمی ہے کہ ہمارا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہو۔ جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد ہی اللہ کی حاکمیت شریعت محمدی کا نفاذ اور آخرت کی فلاح ہے۔ جو عہدے، منصب اور دنیوی مفادات کا خواہش مند ہو اس کا یہ راستہ نہیں۔ ہم اللہ کی رضا کے طلب گار ہیں اور عوام کو ان کی خیرخواہی اور اخلاص کے ساتھ اس راستے کی طرف دعوت دیتے ہیں۔